مہاراشٹر میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کو لے کر سرکار کافی فکر مند ہے۔ اس وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے درکار '3 پلائی ماسک، این 'N95 ماسک، پی پی ای کٹس، 'ٹیسٹنگ کٹس، وینٹیلیٹر' نیز دیگر طبی اشیا، جو کورونا انفیکشن کی روک تھام اور علاج کے لیے درکار ہوتے ہیں ان پر جی ایس ٹی نہ لگانے کا مطالبہ ریاستی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو خط لکھ کر کیا ہے۔
اس مکتوب میں انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ اگر فیصلہ فوری طور پر لیا جاتا ہے تو ماسک، کٹس، وینٹیلیٹر مارکیٹ میں آسانی کے ساتھ اور سستے داموں میں مہیا ہوں گے، جس کی وجہ سے کورونا کے خلاف جاری جنگ کو تقویت ملے گی۔
ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد ہر دن خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ مہاراشٹر میں ریاستی حکومت کی کوشش ہے کہ وہ بڑھتی تعداد کو قابو میں رکھیں۔ نقل وحمل پر پابندی، لاک ڈائون کرتے ہوئے شہریوں کو گھر میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ 'کورونا سے متاثراور مشتبہ مریضوں کی تلاش کے ساتھ ہر ایک کا الگ سے علاج کرتے ہوئے کورونا مریضوں کی پوری دیکھ بھال کر رہی ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے مطالبہ کیا ہے کہ ان اشیا پر جی ایس ٹی چھوٹ کو فوری طور پر ختم کیا جائے، کیونکہ ان سامانوں اور آلات کی دستیابی 'کورونا کے خلاف جنگ میں سب سے بڑی ضرورت ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ایک میٹنگ طلب کی جس میں وزیر داخلہ انیل دیشمکھ، وزیر صحت راجیش ٹوپے، ایڈیشنل چیف سکریٹری خزانہ منوج سونک، اور خزانہ، صحت اور صنعت کے اعلی عہدیدار شریک تھے۔
اس میٹنگ میں ریاست میں محکمہ پولیس جو کورونا کے خلاف جاری جنگ میں اہم کردار ادا کرنے میں مصروف ہے ان کی صحت اور ان کے اہل خانہ کے تعلق سے مختلف تجاویز پیش کی گئی۔
اس میٹنگ میں سب سے اہم یہ فیصلہ لیا گیا کہ اگر ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر کی 'بد قسمتی سےکورونا کی وجہ سے موت ہو جاتی ہے تو ایسی صورت میں ان کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے کی سرکاری گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ اس اہم فیصلے کی اطلاع نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے دی۔ اس میٹنگ میں صحت عامہ، طبی تعلیم، پولیس وغیرہ محکموں کے لیے مارچ کی بقیہ تنخواہوں کو بھی پہلے ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا جو 'کورونا کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہیں۔
ڈویژنل کمشنر اور کلکٹر کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ 'کورونا کے خلاف جنگ میں ہوم گارڈ کے اہلکاروں کی اضافی مدد حاصل کریں۔