ممبرا و تھانے میں برسات سے قبل جاری سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام برسات کے آنے تک مکمل نہ ہونے سے راہگیروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس تعلق سے ملی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ممبرا میں ایک طالب علم جبکہ تھانے میں ایک خاتون سڑک کی مرمت کے لیے کھودے گئے گڑھے میں گرنے کی وجہ سے زخمی ہوگئیں۔
اس کے علاوہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے سواریوں کو بھی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زیر تعمیر سڑک و گڑھے میں بارش کا پانی بھر جانے کی وجہ سے اس میں ایک طالب علم گر گیا جسے وہاں سے گزر رہے راہگیروں نے فوراً نکالا، خوش قسمتی سے طالب علم بجلی کے تار کی زد میں آنے سے بچ گیا۔
اس علاوہ ایک دیگر حادثے میں تھانے علاقے میں فٹ پاتھ سے گزرنے رہی خاتون نالے کا ڈھکن غائب ہونے کی وجہ سے گر گئیں لیکن پیچھے سے آ رہی خاتون نے انہیں بچا لیا۔
عوام نے کہا کہ سڑکوں کے دونوں جانب بڑے بڑے اور انتہائی خطرناک گڑھے بن گئے ہیں اور ان گڑھوں میں آئے دن کوئی نا کوئی گر کر زخمی ہوتا ہے لیکن انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
جبکہ ممبرا شیل پھاٹا پر انہی گڑھوں کی وجہ سے ایک ٹیمپو پلٹ گیا جبکہ کچھ ہی فاصلے پر ایک ٹرک پلٹ گیا جس میں ڈرائیور معمولی طور پر زخمی ہوگیا یہ دونوں گاڑیاں مال سے بھری ہوئی تھیں۔
سڑک پر گڑھے ہونے کی وجہ سے دن بھر ٹریفک جام ہوتا ہے اسی لیے رکشا ڈرائیورز زیادہ آگے جانے کے لیے مسافروں کو نہیں بٹھاتے تاکہ کوئی حادثہ نا پیش آئے، جب کہ انتطامیہ، مقامی کارپوریٹر اورایم ایل اے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور شہری مسائل سے جوجھ رہے ہیں ۔