مالیگاؤں: مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں این سی پی رہنما آصف شیخ کی جانب سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں انہوں نے موجودہ شہری حالات اور راج ٹھاکرے پر تنقید کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آصف شیخ نے کہا کہ سَپت شرنگی گڑھ کی یاترا میں خاندیش بھر برادران وطن شہر مالیگاؤں سے گزرتے ہوئے جاتے ہیں جس کا مالیگاؤں کی عوام خاص طور پر مسلمانوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا جاتا ہے۔ یہ روایت برسوں سے پُرامن طور پر ہندو۔مسلم اتحاد کی علامت مانی جاتی رہی ہے لیکن رواں برس شرپسندوں نے اس یاترا کو مذہبی جنونی روپ دے کر شہر کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔
آصف شیخ نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کی جانب سے لی جانے والی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں میں دیوی کی یاترا پر کوئی پتھراؤ نہیں ہوا بلکہ سماج دشمن عناصر نے پتھراؤ کا بہانہ کر کے اس دن چھاؤنی پولیس اسٹیشن کے پاس احتجاج کیا اور دو فرقوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی۔ Attempt to Spoil the Communal Harmony in Malegaon مالیگاؤں شہر کے ہندو۔مسلم عوام سے اپیل کرتے ہوئے آصف شیخ نے کہا کہ آپس میں مل جل کر اتحاد و بھائی چارگی کے ساتھ زندگی بسر کریں۔ آصف شیخ نے پولیس انتظامیہ سے شہر کے ماحول کو خراب کرنے والے سماجی دشمن عناصر پر سخت کارروائی اور جلد از جلد انہیں بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا جب کہ اس دوران انہوں نے راج ٹھاکرے کے اذان مخالف بیان پر ہدف تنقید کرتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا۔