ممبئی ایم ایم آر ریجن کے بھیونڈی اسٹیشن سے سینٹرل ریلوے تیسری ٹرین روانہ کرنے والا واحد اسٹیشن ہے۔ اس سے قبل اترپردیش کے گورکھپور اور راجستھان کے جے پور مزدوروں کو لیکر خصوصی ٹرین جاچکی ہے۔
بدھ کو بھیونڈی ریلوے اسٹیشن سے پٹنہ کے لئے خصوصی شرمک ایکسپریس 1200 مہاجر مزدوروں کو لیکر چار بجکر پانچ منٹ پر روانہ ہوئی۔
پرانت آفیسرڈاکٹر موہن نلدکر، تحصیلدار سشی کانت گائکواڑ، ڈپٹی پولیس کمشنر راج کمارشندے سمیت ریلوے پولیس اور مقامی افسران نے تالی بجاکر اس ٹرین کو روانہ کیا۔
اس خصوصی ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والے مہاجر مزدوروں سے 725 روپے بطور کرایہ ریلوے کی جانب سے وصول کیا گیا۔اب تک بھیونڈی ریلوے اسٹیشن سے جانے والی یہ تیسری ٹرین ہے۔
واضح ہوکہ پہلے یہ ٹرین منگل کو جانے والی تھی۔ لیکن تکنیکی وجوہات کے سبب ایک دن بعد روانہ ہوئی۔
اس خصوصی شرمک ایکسپریس سے پٹنہ اپنے آبائی وطن جا رہے قریب 1200 مسافروں کو فوڈ پیکٹ، ماسک، دستانے، سینیٹا ٹائزر، ہاتھ دھونے کا صابن تین پیکٹ بسکٹ اور تین بوتل پانی مقامی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کرایا گیا ہے۔
اس موقع پر شہر کے متعدد سماجی تنظیموں اور ان کے کارکنوں نے مہاجر محنت کشوں کو ان کے سفر کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔