عید الاضحٰی کے موقع پر ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں ٹکہ مسالہ تقریباً ہر گھر میں موجود ہوتا ہے حالانکہ شہر میں ایوبی ٹکہ مسالہ کو خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ شہر کے سب سے پرانے ریسٹورنٹ میں سے ایک ایوبی عالیشان کے ذمہ داران نے ہی مالیگاؤں شہر میں اسے متعارف کرایا تھا۔
ایوبی ڈیلکس کے ذمہ داران نے اس تعلق سے بتایا کہ اس مسالے کو بنانے میں ادرک، لہسن، نمک، کارن فلور اور دیگر چیزوں کا استعمال کیا جاتا ہے، اس مسالے کی دو قسم ہے ایک گیلا اور دوسرا سوکھا مسالہ۔
اس مسالے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ انتہائی سستا ہے اور 100 گرام پیکٹ کی قیمت صرف 15 روپیے ہے جو ایک کلو گوشت کے لیے کافی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ گوشت کو اس مسالے کے ساتھ تھوڑی دیر لپیٹ کرکے رکھنا ہوتا ہے اس کے بعد تیل میں فرائی کرکے دسترخوان پر سجانے کے لیے ٹکہ تیار ہوجاتا ہے۔
اس ٹکہ مسالہ کے ساتھ دیگر کسی بھی چیز کو ملانے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے لیکن اگر پکانے والا چاہے تو اپنے ذائقے کے لحاظ سے چیزیں شامل کرسکتا ہے۔