شیو سینا کے صدر ادھو ٹھاکرے آج مراٹھواڑہ کے دورے پر تھے اور اورنگ آباد کے علاقے صوبیداری گیسٹ ہاؤس میں انھوں نے اعلی افسران سے کسانوں کے نقصان اور اس کی فوری بھر پائی پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مراٹھواڑہ میں کسانوں کا بھاری نقصان ہوا ہے، اس لیے کوئی بھی اندازہ قائم کیے بغیر کسانوں کو فی ایکڑ پچیس ہزار روپئے نقصان کی بھرپائی کے طور پر ملنا چاہیے۔
ادھو ٹھاکرے نے اورنگ آباد شہر کے ویجاپور اور کنڑ تعلقہ کا دورہ کیا اور یہاں کسانوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔
ادھو ٹھاکرے نے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو فوری طور پر ان کے نقصان کی بھرپائی ضروری ہے ہر متاثرہ کسان کو فی ایکڑ پچیس سے پچاس ہزار روپئے کی امداد ملنی چاہیئے۔ اس کام کو جنگی پیمانے پر کرنا ہوگا، کاغذی خانہ پری سے کسانوں کا حوصلہ ٹوٹ سکتا ہے، اس لیے تخمینہ لگانے کے بجائے امداد کو یقینی بنایا جائے۔
شیوسینا صدر نے مرکز کی دس ہزار کروڑ کی امداد کے اعلان کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف قرار دیا ساتھ ہی انھوں نے بیمہ کمپنیوں کے رویے پر بھی اپنے انداز میں نکتہ چینی کی اور کہا کہ بیمہ کمپنیاں کسانوں کے زخموں پر نمک پاشی کا کام کرنے سے باز رہے۔
اس موقع پر ریاست میں حکومت سازی کے تعلق سے شیوسینا صدر نے لب کشائی کرنے سے گریز کیا اور میڈیا نمائندوں کے سوالات کو بھی یکسر نظر انداز کردیا۔