تھانے: وزیراعظم نریندر مودی نے 15/ اگست کوخواتین کی عزت واحترام کی جو باتیں کہیں اسے ہم نے غور سے سنا جس ریاست سے نریندر مودی کا تعلق ہے اس کی حکومت نے ایک خاتون کے ساتھ درندگی کا مظاہر کرنے والے مجرمین کو رہا کردیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ سے اپنی تقریر میں خواتین کی عزت واحترام کی جوباتیں کہیں اس کا عملی ثبوت گجرات حکومت نے بلقیس بانو کے مجرمین کو رہا کرکے دیدیاہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعظم مودی اور بی جے پی پر یہ سخت تنقید آج یہاں این سی پی کے قومی سربراہ شردپوار نے ایک پریس کانفرنس میں کیا ہے۔Sharad Pawar Slams Gujarat Govt
شردپوار نے ملک میں خواتین پر مظالم کی تعداد میں اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی بی جے پی حکومت نے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کو رہا کر کے اور ان کی سرعام ستائش کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کے یہاں عورتوں کا کیا احترام ہے۔ عدالت نے ان مجرمین کو عمرقید کی سزاسنائی تھی لیکن گجرات حکومت نے انہیں رہا کردیا۔ یہ بی جے پی کی سوچ کا مظہر ہے۔
شردپوار نے کہا کہ مرکزی حکومت اس بات کی مسلسل کوشش کرتی رہتی ہے کہ غیربی جے پی لیڈران کے خلاف کس طرح سی بی آئی، ای ڈی ودیگر ایجنسیوں کو لگایا جائے۔ یہ کوشش ایسا نہیں ہے کہ صرف اپنی ہی ریاست میں ہورہی ہے بلکہ گجرات میں بھی ایسی ہی شکایتیں ہیں اور جھارکھنڈ میں بھی یہی ہورہا ہے۔جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے ان تمام ریاستوں میں جمہوری طریقے سے منتخب حکومتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی یہ کوشش ہے۔
یو این آئی