بیڑ: بیڑ ضلع کے امبھورا اور اشٹی گاؤں میں آٹھ گھنٹوں کے دوران ایک بس اور ایک منی ایمبولینس کے دو الگ الگ حادثات میں ایک ڈاکٹر سمیت کم از کم نو افراد ہلاک اور 25 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام نے جمعرات کو یہاں یہ بات کہی۔
اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر مہادیو ڈھکنے نے بتایا کہ پہلا واقعہ بدھ کی رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ ایمبولینس اور ایک ٹرک کے درمیان تصادم ہوگیا۔ ایمبولنس میں سفر کر رہے کم از کم چار افراد اس حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ ڈھاکنے نے کہا کہ ایمبولینس بظاہر ایک مریض کو لے جا رہی تھی۔ یہ حادثے پیچھے کی طرف مڑجانے کے دوران پیش آیا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایمبولینس ڈرائیور 35 سالہ بھارت ایس لوکھنڈے، 34 سالہ منوج پی ترپودے، 33 سالہ پپو پی ٹرکونڈے شامل ہیں، یہ سبھی موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ احمد نگر کے میک کیئر ہاسپٹل کے ایک ڈاکٹر راجیش بی زنجرکے کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔
پولیس انسپکٹر سنتوش کھیتمالاس نے بتایا کہ دوسرا واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً 5 بجے پیش آیا۔ ممبئی سے بیڑ جانے والی ایک مسافر بس اشٹی کے قریب ہائی وے پر پھسل کر الٹ گئی۔ کھیت مالس کے مطابق ایک تیز رفتار بس صبح پانچ بجے کے قریب بیڑ ہائی وے پر اچانک پھسل کر 100 میٹر سے زائد دوری پر جاکر الٹ گئی۔
مزید پڑھیں: کرناٹک: سڑک حادثے میں متعدد افراد ہلاک
کھیتمالاس نے کہا کہ "اب تک اس حادثے میں پانچ افراد کی موت ہو گئی ہے اور 24 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں، اور کچھ زخمی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ساگر ٹراویلز کی بس ممبئی سے بیڑ جا رہی تھی۔ حادثے کے بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہے"۔