ممبئی: بالی وڈ ستاروں کو اپنے اشاروں پر نچانے والی معروف کوریوگرافر سروج خان نے شاہ رخ خان کو باہیں پھیلانے والا اسٹیپ دیا تھا جو بعد میں ان کا سگنیچر اسٹیپ بن گیا۔
سوشل میڈیا پر سروج خان کا ایک پرانا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں سروج خان بتا رہی ہیں کہ کیسے انہیں شاہ رخ کے باہیں پھیلانے والے اسٹیپ کا آئیڈیا آیا تھا۔ ویڈیو میں وہ بتاتی ہیں کہ فلم "بازیگر" کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے شاہ رخ خان کو یہ اسٹیپ دیا تھا۔
سروج خان ویڈیو میں بتا رہی ہیں،" ہم ماریشس میں "بازیگر او بازیگر" نغمے کی شوٹنگ کر رہے تھے۔اس گانے میں شاہ رخ چل کر آتا ہے اور اپنی ٹی شرٹ کھول کر نام دکھاتا ہے۔ اس وقت میں نے کہا کہ تم آنا اور ایسے باہیں پھیلانا۔ اس نے اسے کیا اور لوگوں کو پسند آیا"۔
مزید پڑھیں: ممتاز کوریو گرافر سروج خان سپرد خاک
غور طلب ہے کہ شاہ رخ خان کا باہیں پھیلانے والا اسٹیپ وقت کے ساتھ اس قدر مشہور ہوا کہ ان کی پہچان کا حصہ بن گیا۔ اسے ان کا سگنیچر اسٹیپ کہا جانے لگا اور شاہ رخ کی کسی بھی پرفارمنس کو اس کے بغیر ادھورا مانا جاتا ہے۔