چھترپتی سمبھاجی نگر: شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعرات کو شندے-فڑنویس حکومت پر ان کی وجہ سے کولہاپور میں انتشار پھیلانے کا الزام لگایا۔
راوت نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شندے-فڑنویس حکومت پر ریاست میں بد نظمی پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کولہاپور جیسے شہر میں فساد مہاراشٹر کے لیے ٹھیک نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فسادات کی سیاست کرنے اور عوام اور سماج میں دراڑ پیدا کرکے الیکشن لڑنے کی یہ تکنیک بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ان کے پیروں تلے زمین کھسک جاتی ہے تو انہیں بجرنگ بلی اور ہنومان چالیسہ کی یاد آنے لگتی ہے جو کرناٹک کے انتخابات میں ان کے کام نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 400 سال پہلے اورنگ زیب کو یہیں سمبھاجی نگر میں دفن کیا تھا۔ اس کے باوجود بی جے پی اسے بار بار زندہ کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی کو جواب دینا چاہئے کہ وہ اس معاملےکو بار بار کیوں اٹھا رہے ہیں۔ کولہاپور کے فسادات میں شہر کا کوئی بھی شخص شامل نہیں تھا، فساد کرنے والے شہر سے باہر کے لوگ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ادھو حکومت میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ جب بی جے پی کی حکومت آئی تو ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ طاقت ہے تو اصل فسادیوں کو تلاش کریں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وہ بدمعاشوں کے خلاف کارروائی نہیں کررہے ہیں بلکہ اپنے حامیوں کی حفاظت کے لیے پولیس کا استعمال کررہے ہیں۔ وہ اسے الیکشن جیتنے کے لیے استعمال کریں گے۔
یواین آئی۔