مہاراشٹر کے شہر مالیگاوں میں میونسپل کارپوریشن کا سالانہ بجٹ تقریبا 450 کروڑ روپے ہے، اس کے باوجود بھی شہر کی حالت خستہ حال ہے، بارش کے دنوں میں شہر کے بیشتر علاقے کی سڑکیں ندی میں تبدیل ہوجاتی ہیں۔
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بارش سے قبل شہر کے نالوں اور گٹروں کی صفائی صحیح طریقے سے نہیں کی جاتی ہے جس سے گٹر و نالوں کا پانی سڑکوں پر آجاتا ہے اور عوام کو کئی طرح کے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایسے ہی گزشتہ کئی دنوں سے شہر کے رضا چوک اور نئ بستی میں نالوں کی صفائی نہیں ہونے کی وجہ سے محلے کا پانی سڑکوں پر جمع تھا ، لیکن علاقے کے لیڈران کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔
اس کے پیش نظر آج سماجی تنظیم حفاظت گروپ کے ذمہ داران عارف نوری اور باقر خان نے کارپوریشن سے جے سی بی مشین منگوا کر نئی بستی اور رضا چوک کے نالوں کی مکمل صفائی کروائی ہے جس کے بعد سے علاقے کے لوگ راحت محسوس کررہے ہیں۔
اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے حفاظت گروپ کے اس کام کی کافی ستائش کی اور ان سے گزارش کی کہ وہ آئندہ بھی اس طرح سے محلے کے ترقیاتی کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔