اورنگ آباد شہر کی شناخت کہلانے والے تاریخی دروازوں کی موجودہ حالت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ تاریخ و ثقافت سے دلچسپی رکھنے والوں نے اس سلسلے میں کئی مرتبہ کوششیں کیں لیکن کہتے ہیں کہ ہر چیز کا وقت ہوتا ہے۔
اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اب شہر کے نو دروازوں کی تزئین نو اور مرمت کا کام شروع ہوچکا ہے۔
میونسپل کمشنر آستک کمار پانڈے کا کہنا ہے کہ ان دروازوں کی مرمت اور تزئین نو کے لیے ابتدائی تخمینہ دو کروڑ روپئے رکھا گیا ہے۔ ضرورت پڑھنے پر اس میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔
اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر کا چہرہ بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میونسپل کمشنر کا کہنا ہے کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر کو سیاحتی مرکز کے طور پر متعارف کروانا ان کا مقصد ہے۔ اس کے لیے باضابطہ ڈیولپمنٹ پلان تیار کیا جارہا ہے اور اس منصوبے کے تحت ہی شہر میں اسمارٹ ٹوریسٹ بسوں کا آغاز کیا جائےگا، لیکن دوسری طرف شہر کے لوگ اس بات کے لیے بھی پریشان نظر آئے کہ راستہ کشادہ کرنے کے نام پر ان کی املاک پر بلڈوزر چلائے جارہے ہیں۔
مزید پڑھیں:
معروف شاعر شہر یار کا 9 واں یوم وفات، خاص رپورٹ
اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر کا نقشہ بدلنے کا خیر مقدم کرنے کے ساتھ مقامی لوگوں کو اس بات کا بھی خدشہ ہے کہ کہیں شہر کے تاریخی آثار اپنی حقیقی شناخت سے محروم نہ ہوجائیں۔