ان خیالات کا اظہار ممبئی کے پولیس کمشنر سنجے بروے نے کیا ہے،جنوبی ممبئی میں واقع دفتر میں مختلف وفود اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پولس کمشنر نے بہت مثبت انداز میں گفتگو کی اور ہندو مسلم اتحاد کی کوششوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر سنجے بروے نے مزید بات کرتے ہوئے یہ صلاح دی کے وہ مُلک بھر کے اپنے روابط کا استعمال کرتے ہوئے امن و امان قائم رکھنے کی پوری پوری کوشش کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ مُلک ہم سب کا ہے اور سب کے لیے ایک ہی قانون ہے اور اس کا احترام ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔
وفود میں شریک شرکاء نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور مشورہ دیا کہ ممبئی کے حساس علاقوں میں واقع پولیس اسٹیشن کی حدود میں رہائش پذیر با اثر افراد کی میٹنگ طلب کی جائے نیز فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد بر قرار رکھنے کی اپیل کی جائے اس ساتھ ساتھ شر پسند عناصر پر سخت نگاہ رکھی جائے۔
ذرائع کے مطابق اردو صحافیوں سے بھی ملاقات کی گئی جبکہ مختلف افراد نے بھی ملاقات کی،اہم شہریوں کے وفد میں رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی، سابق رکن اسمبلی یوسف ابرہانی، امن کمیٹی کے فرید شیخ، سماجی رکن سلیم الوا رے، نورالدین نائیک، سرفراز آرزو ، مولانا اعجاز کشمیری، مولانا انیس اشرفی، اقبال میمن آفیسر ، سعید خان ،سراج الدین خان ، فیروز میتھی بور والا، ایم اے خالد، دولفی ڈیسوزا، فادر انیسٹو پریرا، پاسٹر ڈیوڈ ٹروفا، ہنومان مندر (سیوری) کے پجاری ریوتی سرن گوسوامی و دیگر شرکا ء شامل تھے۔