مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں جمعہ کے روز کورونا ویکسینیشن کا ڈرائی رن کیا گیا جس کے بعداورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر استیک کمار پانڈے نے کہا کہ 'یہ ڈرائی رن اس لیے کیا گیا ہے کہ آنے والے وقت میں جب بھی کورونا وائرس کی ویکسین دی جائے گی اس وقت ویکسینیشن دینے والوں کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے اور وہ قبل از وقت ہی تیار ہوچکے ہوں گے۔'
اس تعلق سے اورنگ آباد شہر میں 120 مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں کورونا وائرس کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ فرنٹ لائن کورونا واریئرز کو پہلے مرحلے میں کورونا کے ٹیکے دیے جائیں گے۔
میونسپل کمشنر نے کہا ہے کہ اورنگ آباد شہر کے ہر کورونا ویکسینیشن سینٹر پر تقریباً سات لوگوں کی ٹیم موجود رہے گی اور ان کے ساتھ دیگر ملازمین بھی موجود رہیں گے۔ اورنگ آباد شہر میں تقریبا بیس ہزار کورونا واریئرز کو کورونا کے ٹیکے دیے جائیں گے۔