پلوامہ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سب ضلع ترال کے نودل علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان، عاقب لون، نے بے روزگاری کے بڑھتے مسئلے کا حل نکال کر ایک مثال قائم کی ہے۔ عاقب، جو کہ ایک گریجویٹ ہیں، نے نوکری کی تلاش میں وقت ضائع کرنے کے بجائے گھریلو تعمیرات کے لیے درکار کھڑکیاں، دروازے اور پی وی سی مصنوعات تیار کرنے کا یونٹ کھول کر خود کفالت کی راہ اختیار کی۔
عاقب کے اس تعمیراتی یونٹ نے نہ صرف ان کے اپنے خاندان کے لیے روزگار کا بندوبست کیا بلکہ درجن بھر افراد کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔ عاقب کے مطابق، یہ قدم نہ صرف ان کے لیے بلکہ سماج کے دیگر افراد کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔ ان کے یونٹ سے تعمیراتی منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں، جس سے وقت اور محنت کی بچت ہو رہی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے عاقب لون نے بتایا کہ ’’گریجویشن کے بعد روزگار (نوکریوں) کے پیچھے بھاگنے کے بجائے میں نے یہ یونٹ کھولنے کا فیصلہ کیا جو الحمد لله کافی سودمند ثابت ہوا۔ اس کارخانہ میں نہ صرف میں خود کے لئے اور اپنے اہل و عیال کے لیے نان شبینہ کا بندوبست کر رہا ہوں بلکہ اس کارخانہ سے بالواسطہ یا بلاواسطہ درجن سے زائد کنبوں کا روزگار جڑ چکا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: جنوبی کشمیر کی 18سالہ طالبہ کا منفرد کارنامہ، تعلیم اور کاروبار ساتھ ساتھ