میٹنگ میں شہریوں سے درخواست کی گئی کہ وہ افواہوں پر بالکل بھی دھیان نہ دیں اور سوشل میڈیا پرایسے پیغام کو عام (فارورڈ) کرنے سے پرہیز کریں جس سے سماج میں نفرت پیدا ہوتی ہے۔ اس طرح کے میسج کو آگے فارورڈ کرنے کے بجائے انہیں ضائع (ڈیلیٹ)کردیں۔
پولیس افسران نے شہریوں کو بتایا کہ وہ اس طرح کے پیغامات کو روک تو نہیں سکتے، لیکن انہیں فارورڈ کرنے والے ان کی گرفت سے دور نہیں ہیں۔پولیس افسران نے شرپسندوں کوانتباہ دیتے ہوئے کہا کہ شہرمیں ہجومی تشدد جیسا کوئی بھی واقعات برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس میٹنگ میں شہریوں کی تحفظ ایک دوسرے کے تئیں اعتماد اور بھائی چارگی کی فضاقائم کرنے پر زور دیا گیا۔
واضح ہوکہ ملک میں ہجومی تشدد کے بڑھتے واقعات سے امن پسند شہریوں کو فکر میں ڈال دیا ہے۔ ایسے میں سوشل میڈیا پر ایڈیٹ شدہ مواد اور افواہیں آگ میں گھی ڈالنے کا کام کررہی ہیں۔
اسی کے پیش نظر شانتی نگرپولیس اسٹیشن، بھوئیواڑہ پولیس اسٹیشن، نظام پورہ پولیس اسٹیشن، نارپولی پولیس اسٹیشن اورشہر پولیس اسٹیشن میں خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی۔جس میں اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ دونوں فرقوں کے اہم سیاسی، سماجی شخصیات، علماءوائمہ مساجد، ٹرسٹیان کارپوریٹراور پولیس امن کمیٹی کے اراکین شامل رہے
میٹنگ میں اعلیٰ پولیس افسران نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اشتعال انگیز ویڈیوں اور دوسرے مواد پر تشویش کااظہار کیا۔افسران نے مسجد کے ٹرسٹیان، ائمہ مساجد اور علماء سے خصوصی طور پر درخواست کی کہ وہ اپنے خطاب میں بالخصوص جمعہ کے خطبے اور دوسرے مواقع پرلوگوں کو یہ پیغام دیں کہہ وہ وہاٹس ایپ، فیس بک اور سوشل میڈیا کے دوسرے ذرائع پر کسی بھی طرح کی اشتعال انگیز مواد یا پیغام عام کرنے سے اجتناب کریں جس کے ذریعے دو فرقوں میں کشیدگی کا سبب بنے۔
افسران نے کہا کہ سوشل میڈیا کا سرور بیرون ملک ہونے کے سبب وہ اس طرح کے پیغامات کو روک تو نہیں سکتے ہیں، لیکن ان پیغامات کو دوسروں تک(فارورڈ) کرنے والے ان کے سرورپر نظر آتے ہیں اس لئے وہ ایسے افراد پر سخت نظر رکھیں گے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی تیاری میں ہیں۔ جو سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلا کر سماج کو پراگندہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
پولیس افسران نے شہریوں کو کہا کہ شہر میں ماب لنچنگ جیسا کوئی بھی واقعہ ہوتا ہے تووہ اس کے خلاف سخت کاروائی کریں گے چاہے وہ کسی بھی بھی ذات، مذہب کا ہو۔
عنقریب ہی عید الاضحیٰ ہے اس کے پیش نظر افواہوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی بھی درخواست کرتے ہوئے کہا گیاکہ اگر وہ اس پر قابو پالیتے ہیں تو وہ سماج دشمن عناصر کو ان کے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے
میٹنگ میں شرکاء نے شہر میں ٹریفک کی سنگین صورت حال کا ذکر کیا اور کہا کہ ٹریفک کے سبب بہت ساری دشواریوں سامنا ہے ایسے میں ماب لنچنگ جیسے واقعات کبھی بھی اور کہیں بھی رونما ہونے کا خدشہ ہے۔اورشر پسند عناصر اس کا فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔
یہ میٹنگ شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں منعقد ہوئی اس میں اپنے اپنے علاقے میں اسسٹنٹ پولیس کمشنر (مشرق) نتن کوسڈیکر، اسسٹنٹ پولیس کمشنر(مغرب) کے جی گاؤت کے ساتھ متعلقہ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر ممتا لارنس ڈیسوزا، ایس ڈی کوکاڈے، کلیان راؤ کرپے، ایم بی شندے اور وی سی ڈولاس ودیگر پولیس افسران، کتے علاوہ مفتی سید محمد حزیفہ ودیگرسیاسی سماجی و ملی، تعلیمی، مذہبی شخصیات موجود رہے۔