مالیگاؤں: ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں تحریک سنی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 'نشہ کی تباہ کاریاں' عنوان پر ایک اجلاس شہر کی اے ٹی ٹی ہائی اسکول میں منعقد ہوا، جس میں نگراں امیر سنی دعوت اسلامی مولانا سید امین القادری نے نشہ مخالف تحریک اور مستقبل کے لائحہ عمل جیسے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ Sunni Dawat e Islami Anti Drug Campaign
اس موقع پر مولانا سید امین القادری نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'ہمارے معاشرے کو نشے سے پاک و صاف کرنے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے، جو لوگ نشہ کرتے ہیں یا منشیات فروخت کرتے ہیں ایسے افراد کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے کیونکہ یہی اسکا بہتر علاج ہے۔ جس کی رہنمائی ہمیں قرآن اور حدیث سے ملتی ہیں۔ Maulana Sayyed Aminul Qadri
مولانا سید امین القادری نے مزید کہا کہ 'نشہ سماج کے لئے تباہ کن ہے جس کی لت میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی پڑ رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے نشہ کے خلاف مہم چلانے اور لوگوں میں بیداری پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس معاملے میں خاص طور پر سیاسی رہنماؤں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ معاشرے کے افراد کو نشہ خوری سے روکیں تاکہ اس فرد کے ساتھ ساتھ پورے گھر کو تباہی سے بچایا جاسکے۔
مولانا سید امین القادری نے پولیس انتظامیہ سے بھی مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ 'آج شہر میں بڑھتے جرائم، خودکشی اور حادثات نشہ آور اشیاء کی وجہ سے ہی رونما ہورہے ہیں۔ اس لئے انتظامیہ نشہ آور اشیاء کی درآمد اور فروخت کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے اور اس پر قدغن لگایا جائے۔ واضح رہے کہ اس اجلاس میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔