شاہ پور تعلقہ کے چریو گاؤں کے باشندے آزادی کے 73 برس بعد بھی سڑک سے محروم ہیں۔ بارش کے دنوں میں انہیں شمشان بھومی تک جانے کے لیے ندی کو پار کرنا پڑتا ہے۔
ایک طرف جہاں راستہ نہیں ہے۔ وہیں دوسری جانب شمشان بھومی بھی خستہ حالی کا شکار ہے لیکن حکومت اور مقامی انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب گاؤں میں عوامی سہولیات کا فقدان دیکھنے کو مل رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ گاؤں کی ترقی کے لیے حکومت کی مختلف اسکیمز ہیں لیکن بدعنوانی کے سبب آج بھی شاہ پور کا چریو گاؤں ترقی سے کوسوں دور ہے۔ ان کے مطابق شمشان بھومی تک سڑک تعمیر کی تجویز بھیجی گئی ہے لیکن سڑک کی تعمیر کا کام کب شروع ہوگا کسی کو معلوم نہیں۔
بارش کے دنوں میں ندی میں طغیانی کے سبب اکثر و بیشتر آخری رسومات کے لیے جانے والے افراد حادثہ کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔ اسے بدقسمتی کہیں یا حکومت کی عدم توجہی کہ انہیں آخری رسومات ادا کرنے کے لیے سڑک تک میسر نہیں ہے۔