ضلع جالنہ کے پرتور میں واقع ورفل واڑی گاؤں سے تعلق رکھنے والے عمر رسیدہ دیو راؤ نابھا جی دنڈے گذشتہ روز معمول کے مطابق اپنے کھیت میں کام کرنے گئے تھے۔ کھیت میں کام ختم کرکے وہ اپنے گھر لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران انھوں نے دیکھا کہ گاؤں کو جوڑنے والے پل کے اوپر سے تیز پانی بہہ رہا ہے اور لوگ کسی طرح سے اس پل کو عبور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
دیو راؤ نے بھی ہمت کرکے پل عبور کرنے کی کوشش کی لیکن دیو راؤ کا توازن بگڑ گیا اور وہ ندی میں ڈوبنے لگے۔
اس دوران ندی کے کنارے کھڑے دو نوجوانوں نے ندی میں چھلانگ لگا کر دیو راؤ کو کسی طرح بچالیا، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔
ورفل واڑی کے سرپنچ کا کہنا ہے کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ہر سال برسات کے موسم میں گاؤں کے لوگوں کو اس طرح کے حادثات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گاؤں کے لوگ پچھلے دس سال سے پل کی تعمیر نو کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن سرکاری حکام کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورفل واڑی کو پرتور سے جوڑنے والا یہ واحد پل ہے۔ برسات کے موسم میں اس پل کے ذریعہ لوگ گاؤں سے باہر جاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے سے اس گاؤں کی حقیقی صورتحال دنیا کے سامنے آگئی۔