کورونا کے کیسیز میں اضافے کے پیش نظر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پوری ریاست میں 28 مارچ سے نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مہاراشٹر میں کورونا کے کیسیز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے لوگوں سے کورونا گائڈ لائنس کی پاسداری کرنے کی اپیل کی تھی۔ لیکن کورونا انفیکشن میں کمی نہیں آئی تھی۔ ریاست میں رات آٹھ بجے سے صبح سات بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے سبھی ضلع افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور اس کے بعد فیصلہ کیا کہ لاک ڈاون کے بجائے ضوابط سخت کئے جائے، اس لئے ریاستی حکومت نے اتوار کی رات سے نائٹ کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسیز کم نہیں ہوئے تو سخت لاک ڈاون لگے گا: اجیت پوار
ادھو ٹھاکرے نے کورونا ضوابط پر عمل کرنے کو لے کر بھی احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے حکم دیا کہ مالس، بار اور ہوٹلس کے لئے بنائے گئے ضوابط پر صحیح سے عمل ہو رہا ہے یا نہیں، اس کی جانچ کی جائے۔
اس سے قبل، ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے لوگوں کو سخت لاک ڈاون سے بچنے کے لئے سوشل ڈیسٹنسنگ اور ماسک لگانے پر سختی سے عمل کرنے کی وارننگ دی تھی۔