مالیگاؤں میں قدوائی روڈ اور بھنگار بازار سے سڑک کے کنارے کی دکانیں اور چھوٹا موٹا دھندہ کرنے والوں کی دکانوں کو کارپوریشن نے ہٹا دیا جس کے سبب دکانداروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
ان دکانداروں کو متبادل جگہ دلانے کے لیے مالیگاؤں این سی پی صدر آصف شیخ کارپوریشن کمشنر سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے لیکن تقریباً 2 گھنٹے انتظار کے بعد بھی کمشنر نہیں آئے جس کے بعد آصف شیخ اور ان کے ساتھوں نے احتجاج کیا۔ Asif Sheikh Protest Along with Shopkeepers
مالیگاؤں این سی پی کے صدر آصف شیخ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اچانک سے قدوائی روڈ اور بھنگار بازار علاقے سے اتی کرمن(تجاوزات) ہٹانے سے سینکڑوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں۔ مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اس لیے ان چھوٹا موٹا دھندہ بیوپار کرنے والوں کو اسکول نمبر 14 کے گراونڈ پر وقتی طور پر جگہ دی جائے تاکہ ان کا کاروبار بحال ہوسکے۔
آصف شیخ نے کہا کہ ان مطالبات کو لے کر ہم میونسپل کمشنر کے پاس آئے تھے لیکن تقریباً دو گھنٹے انتظار کے بعد بھی کمشنر سے ملاقات نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کمشنر پر الزام عائد کیا کہ کمشنر کو غریب عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے وہ صرف بڑے بڑے ٹھیکیداروں اور کانٹریکر سے ملاقات کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
آصف شیخ نے کہا کہ دو دنوں میں اگر ان کے مطالبات کی یکسوئی نہیں ہوئی تو وہ میونسپل کمشنر کے خلاف بڑی تحریک چلائیں گے۔