اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں فروری کے آخری ہفتے میں جی ٹوینٹی کا اجلاس ہونے جارہا ہے۔اس اجلاس کے لئے دنیا بھر کے لیڈران کے اورنگ آباد پہنچنے کا امکان ہے۔عالمی سطح کے رہنماوں کی اورنگ آباد آمد کے پیش نظر شہر کے راستوں،دروازوں اور تاریخی آثار کی مرمت اور تزئین کاری جاری ہے۔اس بات کا خاص خیال رکھا جارہا ہے کہ مہمانان جن راستوں سے گزرے انھیں شہر جگ مگ کرتا نظر آئے۔
جی ٹوینٹی اجلاس کی تیاری کے لئے وزارت خارجہ کی جانب سے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کو پچاس کروڑ روپئے کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔اس کے تحت ایئر پورٹ سے لیکر بی بی کا مقبرہ ، پن چکی اور دیگر تاریخی عمارتوں کے اطراف و اکناف رنگ وروغن اور شجرکاری کا عمل جاری ہے ، مختصر مدت میں کام مکمل کرنا ہے۔اس لئے برق رفتاری سے سارے کام انجام دیئے جارہے ہیں۔
اس سلسلے میں راشٹر وادی کانگریس پارٹی نے جی ٹوئنٹی اجلاس کی مناسبت سے دیگر عما رتوں کے ساتھ قلعہ ارک محل کی مرمت کرنے اور تزئین کاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلے میں باضابطہ ضلع کلکٹر کے توسط سے حکومت ہند اور محکمہ آثار قدیمہ و دیگر محکمہ جات کو مکتوبات روانہ کئے گئے ہیں۔لیکن این سی پی کی اس پہل کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے قلعہ ارک محل کو مغل شہنشاہ اورنگ زیب عالم گیر نے 1692میں اورنگ آباد شہر کے شمالی علاقے میں ایک ایسے مقام پر تعمیر کروایا تھا جہاں سے پورے شہر کا نظارہ کیا جاسکے۔قلعہ ارک محل بھڑکل گیٹ اور دہلی گیٹ کے درمیان میں واقع ہے۔پونے تین لاکھ اسکوائر فٹ رقبہ پر محیط یہ محل اب کھنڈر بن چکا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے اورنگ آباد نمائندہ اسرار الدین چشتی نے اس تاریخی محل پہنچ کر این سی پی مہاراشٹر پردیش کے نائب صدر الیاس کرمانی سے بات چیت کی اور ان کا موقف جاننے کی کوشش کی ہے۔