ممبئی: ممبئی میں مسلمانوں کی مذہبی اور ملی تنظیموں کے ذمہ دارن کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد نے آج این سی پی صدر شرد پوار سے مسلمانوں کے مسائل کولیکر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی، رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل، علماء کونسل اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ سے مولانا محمود دریابادی سمیت 15 سے زائد افراد نے شرد پوار سے ملاقات کی اور ان سے ملکی پیمانے پر مسلمانوں کوپیش آرہے مسائل پر گفت و شنید کی۔
انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مسلمانوں کے مسائل کو لے کر شرد پوار سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرد پوار ایک تجربہ کار رہنما ہیں،انہیں اس بات کا اندازہ ہے کہ ریاست اور ملک میں مسلمانوں کے کیا کیا مسائل ہیں؟اسی لیے ہم نے ان سے ملاقات کی۔تقریباً ایک گھنٹہ تک ان سے مسلمانوں کے مسائل کے تعلق سے بات چیت کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ بات چیت کے دوران ہم نے شرد پوار سے کہا کہ اگر ملک کے مسلمان خوف میں مبتلا ہیں تو پھر ملک کی ترقی کیسے ہوگی؟ کیونکہ ملک کی ترقی میں مسلمانوں کا جو اہم رول رہا ہے اسے کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔
مولانا محمود دریابادی نے کہا کہ ہم آج شرد پوار سے ملاقات کرنے آئے تھے۔ ہم نے ملاقات کے دوران کہا کہ آج ملک کے مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کو ششیں کی جارہی ہیں،مسلمانوں کے مذہبی مقامات مساجد،وقف کی ملکیت پر ناجائز قبضے کئے جارہے ہیں۔بار بار یونیفارم سیول کوڈ کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے اس سے ملک میں انتشار پیدا ہو رہا ہے۔مسلمان اس ملک میں صدیوں سے رہ رہے ہیں،تاہم کچھ لوگ جان بوجھ کر ملک کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:Muslim delegation Meet Amit Shah محمود مدنی کی قیادت میں مسلم رہنماؤں کے وفد کی امت شاہ سے ملاقات
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شرد پوار سے اسی لئے ملاقات کی کیونکہ وہ ایسے لیڈر ہیں جنکی باتیں سنی جاتی ہیں جن کی باتوں کو اہمیت دی جاتی ہے، ہم نے ان سے ملاقات کی اور ہم نے ان سے درخواست کی کہ آپ مسلمانوں کے مسائل کو اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرد پوار نے وفد کے ارکان کو یہ یقین دلایا کہ مسلمانوں کے مسائل کو اٹھایا جائیگا،ان مسائل کے حل کے لئے بات چیت کی جائے گی اور حکومت کو ان مسائل سے واقف کرایا جائیگا۔