نوجوان کی موت کے بعد ورزش اور باڈی بلڈنگ کا شوق رکھنے والے نوجوانوں میں فوڈ سپلیمنٹ اور ایسٹرائیڈ کو لیکر زبردست خوف وہراس کا ماحول ہے۔
ممبرا کے کوسہ میں واقع چاند نگر اشرف کمپاؤنڈ میں رہائش پذیر 23 برس کے نوید جمیل خان نامی نوجوان جو باقاعدگی سے جم کرتا تھا اور وہ اپنی باڈی کو مزید بہتری لانے (سکس پیک) کے لیے َجم میں زبردست کثرت کے ساتھ فوڈ سپلیمنٹ کے ساتھ ایسٹرائیڈ بھی لیتا تھا جو اس کے جسم کو اندر سے ہی کھوکھلا بنا رہا تھا۔
متوفی نوجوان کی والدہ ریشمہ خان کے مطابق نوید نے گزشتہ 26 جنوری کو باڈی بلڈنگ مقابلہ میں حصہ بھی لیا تھا اور وہ اس میں کامیاب بھی ہوا اور اس میدان سے جڑے لوگوں نے اسے ایک معروف َجم کا ٹرینر بنانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
جس کے بعد سے ہی نوید مسلسل جم کرتے ہوئے فوڈ سپلیمنٹ اور ایسٹرائیڈ لینے لگا تھا لیکن اس کی طبیعت خراب ہونے کے بعد میڈیکل رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ زیادہ مقدار میں ایسٹرائڈ لینے کے سبب اس کے لیور نے کام کرنا بند کردیا تھا۔
اسے ممبرا سمیت ممبئی کے کئی ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا مگر بعد میں ممبئی میں کے کے ای ایم ہسپتال نے جواب دے دیا جس کے بعد ممبئی سے ممبرا لانے کے دوران ایمبولینس میں ہی نوید کی موت ہوگئی۔