مسلم اکثریتی حلقہ اسمبلی ممبرا کلوا سے موجودہ رکن اسمبلی جیتیندر اوہاڑ، مراٹھی فلم اداکارہ دیپالی شندے اور دیگر لوگوں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
اس دوران سماج وادی پارٹی کے مقامی صدر عادل خان اعظمی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کر ممبرا کی سیاست میں شدت پیدا کردی ہے۔
ممبرا کے موجودہ رکن اسمبلی جیتیندر اوہاڑ این سی پی سربراہ شرد پوار کی قیادت میں گزشتہ روز ہی مولانا ابوالکلام آزاد اسٹیڈیم پہنچے تھے لیکن کسی وجوہات کے سبب وہ پرچہ داخل نہیں کرسکے تھے تا ہم جمعہ کو اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ اسٹیڈیم پہنچ کر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
جیتیندر اوہاڑ کے خلاف شیوسینا نے مراٹھی فلم اداکارہ دیپالی شندے کو ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ سے امیدوار بنایا ہے۔
دیپالی شندے نے شیوسینا و بی جے پی کے کارکنان کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
دیپالی شندے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'سماجی خدمات اور سیاست سے ان کا پرانا رشتہ ہے۔'
اس دوران سماج وادی پارٹی کے مقامی صدر عادل خان اعظمی نے بھی پرچہ نا مزدگی داخل کیا ہے اور اس طرح اب ممبرا میں این سی پی کانگریس اتحاد کے امیدوار جتیندر اوہاڑ، شیوسینا بی جے پی کی دیپالی شندے، ایم آئی ایم کے برکت اللہ شیخ، سماج وادی کے عادل خان اعظمی، عام آدمی پارٹی کے التمش فیضی، بہوجن مہا پارٹی سے محمد احمد خان، آل انڈیا مسلم لیگ سے فتح محمد امین شیخ، محمد یوسف خان آزاد امیدوار انتخابی میدان میں ہیں اور ان تمام نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔