بہار کے 9 سالہ تبارک نامی معصوم بچے نے اپنے والدین کو ٹھیلے پر بیٹھا کر اتر پردیش سے بہار تک کا سفر کیا تھا جس کا ویڈیو تیزی سے وائرل ہوا تھا اور متعدد تنظیموں نے اس بچے کی حوصلہ افزائی کی تھی۔
تبارک کی خبر کو ای ٹی وی بھارت نے بڑے اہتمام کے ساتھ شائع کیا تھا جس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور مختلف تنظیمیں تبارک کی مدد کے لیے آگے آئی ہیں اور اب ممبئی کی میمن جماعت فیڈریشن نے بھی ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے رابطہ کر کے تبارک کی تعلیم کا بیڑا اٹھانے کی بات کی۔
مذکورہ معصوم بچے کے حوصلے کو دیکھتے ہوئے ممبئی کی میمن جماعت فیڈریشن نے تبارک کی تعلیم کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے میمن جماعت فیڈریشن کے صدر اقبال میمن نے کہا کہ 'تبارک کی اس محنت اور حوصلے نے ہم سب کو متاثر کیا ہے اس لیے ہم نے فیڈریشن کے کارکنان سے بات کی اور تبارک کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرنے کے لیے کہا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ تبارک کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا چاہے وہ اپنے گاؤں میں تعلیم حاصل کرے یا پھر ممبئی میں۔
اقبال میمن نے مزید کہا کہ 'ملک اور قوم کو ایسے با حوصلہ اور باہمت بچوں کی سخت ضرورت ہے اور انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم تبارک جیسے ہیرے کو تراشنے کا کام کریں گے تاکہ اس کی محنت اور لگن سے نہ صرف اس کا مستقبل بہتر بنے بلکہ ملک و قوم کا بھی نام روشن ہو۔