ممبئی کے بکرا تاجروں نے اس بار قربانی کے بکروں کی خرید و فروخت وقت سے پہلے ہی شروع کردی۔ چونکہ دیونار منڈی بند ہے اس لیے تاجروں نے علاقائی سطح پر بکروں کے چھوٹے چھوٹے مارکیٹ بنائے ہیں تاکہ جو لوگ ديونار منڈی کا رخ کرتے تھے اب وہ یہیں سے خریداری کر سکیں۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران بكروں کے کاروباری مسعود خلچی نے بتایا کہ وہ گزشتہ 13 برسوں سے یہ کاروبار کر رہے ہیں۔ عیدالاضحیٰ سے ایک مہینے قبل ہی یہ گجرات، اندور اور راجستھان سے سوجت، پتیرا، مالوا، پنجابی اور گجری سمیت آٹھ نسل کے بكروں کی تجارت کرتے ہیں۔
مسعودخلچی کہتے ہیں کی ان کے اس کاروبار پر لاک ڈاؤن کا کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔
ممبئی کے گرانٹ روڈ علاقے میں عرب گلی کے پاس موجود چھوٹی بکرا منڈی میں چار بکرے قابل دید ہیں کیونکہ ان میں سے ایک بکرے کی قیمت تقریباً 6 لاکھ روپے ہے۔
انہیں دیکھنے کے لیے ممبئی کے متعد مقامات سے لوگ یہاں آتے ہیں۔ کیونکہ ان کی خاصیت ہی کچھ اور ہے ان کا وزن 185 کلو ہے۔ ان کی خوراک بھی چنا، گیہوں، مکئی، دودھ، گھی ہے۔
یہاں 40 کلو سے 185 کلو تک کے بکرے موجود ہیں۔ چونکہ پچھلے برس لاک ڈاؤن کے سبب ممبئی میں بکروں کے تاجروں کو بڑی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس برس کاروباریوں کو اس دقت سے دو چار نہیں ہونا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: مئو: عید الاضحی کے موقع پر لگنے والا بازار بے رونق
زیادہ تر کاروباریوں نے عید الضحیٰ سے ایک مہینے قبل ہی دوسری ریاستوں سے بکرے خرید کر ممبئی لائے۔ دیونار منڈی بند ہونے کے سبب علاقائی بکرا منڈیوں سے لوگ بکرے خرید رہے کیونکہ اس کے علاوہ کوئی اور راستہ بھی نہیں ہے۔