Huge Pilgrims on Haji Ali Dargah حاجی علی درگاہ میں رمضان کے بعد روزآنہ ڈھائی لاکھ سے زائد زائرین کی آمد - More than two and half lakh pilgrim visit Haji Ali
رمضان المبارک کے ختم ہونے کے ساتھ ہی حاجی علی درگاہ پر زائرین بڑی تعداد میں حاضری دے رہے ہیں۔ ہر روز ڈھائی لاکھ سے زائد زائرین حاجی علی درگاہ پر حاضری دے رہے ہیں۔
ممبئی: باسی عید یعنی عید کے دوسرے روز سے ممبئی کی حاجی علی درگاہ میں زائرین کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کورونا کے سبب لگنے والی پابندی کے بعد درگاہ میں پہلی بار اتنی زیادہ بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ حاجی علی درگاہ انتظامیہ کمیٹی کے مطابق روزآنہ ڈھائی لاکھ سے زائد زائرین کی تعداد یہاں دیکھی جا رہی ہے اسی لیے درگاہ انتظامیہ کمیٹی نے اس کام پر 24 گھنٹے اپنے والنٹیر کو معمور کیا ہے۔ جو یہاں آنے والے زائرین کو کسی طرح کی دقتیں پیش نہ آئیں اس لیے صدر دروازے سے لے کر درگاہ خانقاہ تک والنٹیر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
آپ کو بتا دیں کی حاجی علی درگاہ پر رمضان ختم ہوتے ہی عید کے بعد ایک ماہ تک ہجوم زیادہ رہتا ہے۔ ممبئی اور اطراف کے زائرین کے علاوہ ملک و بیرون ممالک سے بڑی تعداد میں زائرین کی یہاں آمد ہوتی ہے۔ حالانکہ عام دنوں میں شام کے وقت معمولی بھیڑ رہتی ہے اور کسی بھی تیوہار کے موقع پر بھی لوگوں کی زیادہ بھیڑ دیکھی جاتی ہے۔ اسی لیے وقتاً فوقتاً درگاہ انتظامیہ کمیٹی کے والنٹیر صدر دروازے سے لیکر درگاہ تک اور اطراف میں موجود رہتے ہیں۔
حاجی علی درگاہ ٹرسٹ کے ذمہ داروں میں شامل محمد احمد کا کہنا ہے کہ رمضان ختم ہوتے ہی ہم ایک ماہ تک پوری مستعدی سے کام کرتے ہیں تاکہ زائرین کو کسی طرح کی دقتیں نہ پیش آئیں۔ اس کام میں درگاہ کے منتظمین والنٹیر سمیت ممبئی پولیس کے جوانوں کی موجودگی رہتی ہے جو ایک دوسرے کا تعاون کرتے ہیں یہی نہیں کورونا کے سبب درگاہ میں زائرین کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہونے کے بعد زائرین کی اب وہ تعداد یہاں دیکھی جا رہی ہے جو ہر برس یہاں آتے تھے لیکن کورونا کے سبب یہاں نہیں آسکے۔ سمجھا جارہا ہے کہ بھیڑ زیادہ ہونے کا اصل سبب یہ بھی ہے۔