ریاست مہاراشٹر کے صنعتی شہر بھیونڈی کے مضافات میں کورونا کے بڑھتے زور کے سبب مریضوں کے علاج کےلیے ہسپتال کی تعمیر جنگی پیمانے پر جاری ہے۔
اسپتال کے تعمیری کاموں اور اس کی رفتار کا جائزہ لینے پہنچے کلکٹر نے تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے جلد از جلد دس دنوں میں چھوٹے بڑے کام کو مکمل کرکے اسے مریضوں کے علاج کیلئے کھول دینے کی ہدایت دی۔
واضح ہوکہ شہر سے متصل دیہی علاقوں میں کوروناسے متاثر مریضوں کی تعدادمیں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ جس کے سبب دیہی علاقوں میں کورونا سے متاثرمریضوں کی تعداد اتوار تک4 ہزار 900 تک پہنچ گئی ہے۔ جن میں سے 3 ہزار584 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور856 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
دیہی علاقوں میں اب تک 148 ہلاک ہوچکے ہیں۔کورونا کے مشتبہ 23 ہزار244 افراد کو کورنٹائن کیا گیا ہے۔جس میں 828 افراد کو سرکاری کورنٹائن اور 22 ہزار416 افراد کو ہوم کورنٹائن کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مضافات میں کورونا مریضوں کے علاج کی سہولت کیلئے شہر سے متصل ’سواد‘ گرام پنچایت میں 2.30لاکھ مربع فٹ میں 819 بستروں کی گنجائش والا کورونا اسپتال تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ دیہی علاقوں میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے میں آسانی ہو۔
کلکٹر نے اسپتال کے تعمیراتی کام پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال کے کام کی تعریف کی نیز کہا کہ کام تیزی سے ہورہا ہے۔انہوں نے دیہی علاقوں میں مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر اسے جلد سے جلد دس دنوں میں مکمل کرکے مریضوں کا علاج معالجہ شروع کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر کلکٹر کے ساتھ سب ڈویژنل آفیسر ڈاکٹر موہن نلدکر، تحصیلدار ششی کانت گائیکواڑ اوربلاک ڈولپمنٹ آفیسر ڈاکٹر پردیپ گھورپڑے و دیگر افسران موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:بھیونڈی: غیرقانونی درجنوں ڈھابے خلاف ورزی میں مبتلا