ملک میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) وبا کے قہر میں روز بروز تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ریاست مہاراشٹر میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کا اثر اورنگ آباد میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہر روز مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
ریاستی حکومت نے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے 'بریک دی چین' نافذ کیا ہے، جس کے باعث بہت سارے مزدوروں کا کام بند ہوگیا ہے۔ کام بند ہونے کی وجہ سے مزدور طبقہ واپس اپنے گھر جانے کو مجبور ہو رہے ہیں۔ کورونا وبا کی شدت کے سبب شمالی ہند کے لوگوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
گذشتہ ایک ہفتے میں وطن واپس جانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے تاہم اس بار راحت کی بات یہ ہے کہ اتر پردیش، بہار اور مدھیہ پردیش جانے والے مسافروں کو ریل کی سہولت دستیاب ہے۔
اورنگ آباد سے شمالی ہند کا رخ کرنے والے مسافروں نے واپسی کی مختلف وجوہات بیان کی۔ کچھ کا کہنا ہے کہ جب روزگار ہی نہیں تو پیٹ کیسے بھرے گا، کچھ لوگوں نے ذاتی وجوہات بیان کی لیکن ایک بات یقینی ہے کہ کورونا کا خوف، روزگار پر بھاری پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ مزدور تنظیموں نے حکومت سے شمالی ہند کے ان مزدوروں کی واپسی کے لیے مناسب اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔