مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل مسلم اکثریتی شہر ممبرا کی ایک مسجد سے تبلیغی جماعت سے وابستہ 13 بنگلہ دیش اور دو آسام کے شہریوں کو نکال کر پولیس اور میونسپل انتظامیہ نے ہوم کورنٹائن کرتے ہوئے ان کے خون کا نمونہ لے کر لیب بھیج دیا ہے جس کی رپورٹ آج شام نہیں تو 2 اپریل کو آنے کی امید ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ انہیں کہاں رکھنا ہے۔
ڈپٹی پولیس کمشنر زون ون ایس ایس بورسے کے مطابق بنگلہ دیش کے تبلیغی جماعت سے وابستہ یہ 13 افراد کولکاتا ہوتے ہوئے دہلی حضرت نظام الدین واقع تبلیغی جماعت کے مرکز سے 8 مارچ کو نوی ممبئی اور 10 مارچ کو ممبرا پہنچے تھے۔
پولیس کے مطابق ان کے پاس بھارت میں داخل ہونے کا ویزا سمیت دیگر دستاویزات موجود ہیں اور 30 مارچ کو بنگلہ دیش واپس ہونے کا طیارے کا ٹکٹ بھی موجود ہے۔
ان لوگوں کی طرح ہی دوسرے مقامات سے آنے والے 10 دیگر شہری ایل مسجد میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ پولیس اور میونسپل انتظامیہ کی ٹیم نے ایک اطلاع کی بنیاد پر پہنچ کر سبھی بیرون ممالک شہریوں کے خون کے نمونے لے کر کورونا وائرس کی جانچ کے لیے لیب بھیج دیا ہے۔ رپورٹ آنے تک تمام لوگوں کو کورنٹائن کے لیے بھیج دیا گیا ہے ۔
فی الحال پولیس نے اس معاملے میں دیگر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔