ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں محکمہ صحت کی جانب سے 28 فروری کو لئے گئے امتحانات میں طلباء کو کافی دشواریاں پیش آئیں، جس میں ناگپور کے جی ایچ ریسونی انجینئرنگ کالج میں ایک بینچ پر دو سے زائد طلبہ کو بیٹھایا گیا اور امتحان سے قبل سوالیہ پرچوں کی سیل ٹوٹی ہوئی پائی گئی جب طلبہ نے اس بات کی مخالفت کی تو ان کے ساتھ مار پیٹ کا معاملہ پیش آیا۔
مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں اس طرح کے مسائل پیش آئے ہیں۔ کچھ مراکز پر نقل اور دھوکا دہی کے معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔ ان مسائل کو لے کر ایس آئی او مالیگاؤن نے ناسک ضلع کلکٹر سے ملاقات کی ساتھ ہی ایک میمورنڈم بھی دیا۔
اس میمورنڈم کے ذریعے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) مہاراشٹرا نارتھ ڈویژن کے ذمہ داران نے کہا ہے کہ بھرتی کے عمل کو منسوخ کیا جائے اور معاملے کی جانچ پڑتال کی جائے اور ملزمین کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں ہونے والے نوکریوں کے امتحانات MPSC کے ذریعے لیے جائے۔
ایس آئی او نے مطالبہ کیا ہے کہ حکوممت تمام ہی شعبہ جات میں رکی ہوئی نوکریوں کی نشستوں کو جلد از جلد پر کرے اور ریاست میں تمام محکموں سے عملہ کی بھرتی کا جلد سے جلد اعلان کرے۔ اس موقع پر زونل سکریٹری شبلی محمد ساتھ ہی مقامی ممبران میں عمار انصاری، سیف الرحمن اور شاہد ذکی موجود تھے۔