ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے چلائی گئی سیرو ٹیسٹ مہم کے ذریعے ایک ہفتے میں ایک سو پندرہ وارڈ میں ساڑھے چار سو افراد کی طبی جانچ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اورنگ آباد میں کورونا وبا پر قابو پانے اور مریضوں کی شناخت کے لیے پندرہ اگست تک اینٹی باڈی ٹیسٹ مہم چلائی گئی، اس مہم میں ساڑھے چار سو سے زائد افراد کا ٹیسٹ کیا گیا۔
اس تعلق سے کارپوریشن حکام نے بتایا کہ 'یہ مہم ہر لحاظ سے کامیاب رہی ہے حالانکہ کچھ علاقوں میں لوگوں نے ٹیسٹ کی مخالفت کی لیکن عوامی نمائندوں اور سرکاری حکام کے انہیں اعتماد میں لینے سے کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ'اورنگ آباد شہر میں کورونا کے پازیٹیو مریضوں کی تعداد انیس ہزار دو سو اٹھاون ہوچکی ہے جن میں سے چودہ ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وہیں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ سو سے تجاوز کرگئی ہے ۔ ایسے میں کارپوریشن حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری حکام کو تعاؤن کرکے ہی کورونا پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔