مالیگاؤں(مہاراشٹر): ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں کو ملک کا وہ واحد شہر کہا جاسکتا ہے جہاں جدھر نظر ڈالیں مسجدوں کے مینار نظر آجائیں گے، یہاں ایک دو گلی کے فاصلے پر کوئی نہ کوئی مسجد یا مدرسہ ضرور مل جائے گا۔ اسی لیے شہر مالیگاؤں کو مسجدوں اور میناروں کا شہر بھی کہا جاتا ہے۔ باشندگان مالیگاؤں کے کے باعث خوشی اور فخر کی بات ہے کہ عالمی سطح پر خوبصورت اور شاہکار مساجد کے لیے شہر کی مسجد حاجی عبدالرؤف کو نامزد کیا گیا ہے۔ مالیگاؤں کے مشرقی حصے میں واقع مسجد حاجی عبدالرؤف سنہ 2016 میں تعمیر ہوئی، اس مسجد کا رقبہ 9 سو اسکوائر میٹر ہے، اس کا افتتاح 21 اکتوبر 2016 کو ہوا، مسجد کی تعمیر کے لیے بانی حاجی مشتاق احمد اور ان کے بھائی شبیر احمد نے شب و روز محنت کی۔
اس تعلق سے حاجی عبدالرؤف مسجد کے امام مفتی عمران ندوی نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ سنہ 2011 میں سعودی عرب میں الفوزان فاونڈیشن قائم کیا گیا، اس فاونڈیشن کے زیر اہتمام عالمی سطح پر مساجد کا سروے کیا جاتا ہے اور سروے کے مطابق منفرد اور خوبصورت طرز تعمیر کی بنیاد پر اسے عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جاتا ہے اور پھر ان مساجد کو ایوارڈ برائے مسجد آرکیٹیکچر دیا جاتا ہے۔ مفتی عمران ندوی نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ تین سال میں ایک مرتبہ دیا کیا جاتا ہے، گزشتہ سروے میں 60 مسجدوں کو ایوارڈ دیا گیا تھا، الفوزان ایوارڈ کی درجہ بندی تین مراحل، سینٹرل مسجد، جامع مسجد اور مقامی مسجد میں کی جاتی ہے۔ 21 ویں صدی میں طرز تعمیر مسجد کے مقصد کے تحت بین الاقوامی ماہرین تعمیرات نے متعدد مساجد کا تجربہ کیا اور منتخب مساجد کی فہرست مرتب کی۔ Malegaon Mosque Shortlisted for International Award
مفتی عمران ندوی نے کہا کہ رواں برس اس ایوارڈ کے لیے 4 براعظم سے 2 سو مساجد کی فہرست ترتیب دی گئی اس میں 17 ممالک سے 22 مساجد منتخب ہوئیں جن میں بھارت سے مالیگاؤں کی مسجد حاجی عبدالرؤف کو درج فہرست کیا گیا، ٹیکنیکل کمیٹی منتخب مسجدوں کا جائزہ لینے کے بعد نومبر 2022 میں کویت میں منعقد تیسری بین الاقوامی کانفرنس میں طرز تعمیر مسجد ایوارڈ دیا جائے گا۔ Abdullatif Al Fozan Award for Mosque Architecture
یہ بھی پڑھیں: خاص رپورٹ: مالیگاؤں شہر کی اولین و تاریخی یٰسین میاں مسجد