ریاست مہاراشٹر کے معروف شہر مالیگاؤں میں قلعہ پولیس اسٹیشن میں رادھا بائی کروشنا نے مقدمہ درج کرایا۔
رادھا بائی کروشنا نے بتایا کہ گزشتہ شب منماڈ چوپھولی کے قریب واقع راجستھان ہوٹل (ڈھابہ) پر چوکیداری کررہے میرے شوہر کا نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔
اس ضمن میں مقامی پولیس ایڈیشنل ایس پی چندرکانت کھنڈوی سمیت پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ہوٹل کے اطراف موجود سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے تفتیش شروع کردی۔
سی سی ٹی وی کیمرے کے مطابق دیر رات گئے چوری کے ارادے سے منہ پر ماسک لگائے کچھ نوجوان بند ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
موقع پر موجود چوکیدار کروشنا چترام سونوان (65) سالہ ساکن چندنپوری نے نوجوانوں کو روکنے کی کوشش کی۔اس ضمن میں تیزدھار چاقو سے نوجوانوں نے کروشنا چترام سونوان کے پیٹ ہاتھ اور پیٹھ پرحملہ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔
شہر میں جرائم اضافہ ہوتا جارہا ہے۔اس واقعے نے ایک بار پھر پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔شہر میں دن بہ دن چوری، قتل، فائرنگ، غیر قانونی گٹکے اور شراب میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔جس سے شہریوں میں خوف کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔
جرائم پر قابو پانے میں پولیس انتظامیہ کی ناکامی کے سبب مجرم کے حوصلے بڑھ رہے ہیں۔گزشتہ دنوں آزادنگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں چار افراد پر فائرنگ کی گئی تھی۔لیکن خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
گزشتہ دنوں چالیسگاؤں پھاٹے کے قریب ایک کسان سے گن پوائنٹ پر 20 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔ اس طرح کچھ دن پہلے پولیس نے 40 تلواروں سمیت ایک آٹو رکشا کو ضبط کیا۔شہر میں اس طرح کا غیر قانونی ذخیرہ کہاں سے آیا اس سوال کا جواب آج بھی نہیں ملا۔
واضح رہے کہ اس قتل کے معاملے میں پولیس نے نامعلوم نوجوانوں پر قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔مزید تفتیش پولیس انسپکٹر ڈی ایچ بھڈانے کررہے ہیں۔