مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں واقع راجہ نگر علاقے کے 27 سالہ نوجوان نے انصاریہ والی بال گراؤنڈ میں پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔
گزشتہ شب مالیگاؤں والی بال گراؤنڈ میں ایک 27 سالہ نوجوان نے کھڑکی سے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی جس کی شناخت شفیق احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مہلوک نوجوان کی لاش گراؤنڈ میں واقع آفس کی کھڑکی سے لٹک رہی تھی۔
اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی کارپوریٹر موقع واردات پر پہنچ گئے۔ اور اس کی اطلاع آزاد نگر پولیس کو دی۔ پولیس عملہ نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال روانہ کردیا۔ قانونی مراحل کی تکمیل کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
اس تعلق سے سماجی کارکن شفیق شیخ نے بتایا کہ شہر کی موجودہ صورتحال اور پاورلوم صنعت سخت مندی کا شکار ہے۔ پاورلوم میں ہفتے میں صرف تین دن ہی کام چل رہا ہے، جب کہ شہر کی ایک بہت بڑی آبادی کا گھر پاورلوم صنعت سے چلتا ہے اور معلومات کے مطابق مہلوک نوجوان گزشتہ کچھ دنوں سے تنگ دستی کے سبب پریشان تھا۔
اس معاملے میں پولیس نے حادثاتی موت کا اندراج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔
مزید پڑھیں: بنکروں و مزدوروں کے لیے سیڑھیاں چڑھنے کے لیے تیار ہوں: مفتی اسماعیل