مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں ہوئے بم دھماکے میں بے قصوروں اور معصوموں نے جام شہادت نوش فرمایا۔ اس واقعے کے بعد عالم اسلام میں غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا تھا۔
لوگوں کی حیرت اس وقت بڑھ گئی تھی جب اس معاملے میں مسلم نوجوانوں کو ہی حراست میں لے لیا گیا تھا لیکن جب اس معاملے کی جانچ ایک ایماندار پولیس افسر ہیمنت کرکرے کو سونپی گئی تو انہوں نے اپنا فرض ادا کرتے ہوئے بھگوا دہشت گردی کا چہرہ بے نقاب کیا لیکن افسوس کے 26/11 کے دہشت گردانہ حملے میں وہ شہید ہوگئے۔
ہیمنت کرکرے کے شہید ہونے کے بعد تمام بھگوا دہشت گردوں کو رہا تو کردیا گیا لیکن ہیمنت کرکرے کی شہادت اور ایمانداری کو دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی۔
یہی وجہ ہے کہ شہر مالیگاؤں میں حر سال ہیمنت کرکرے کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے امسال بھی مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کی جانب سے شہر کے معروف بھکو چوک پر ہیمنت کرکرے کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے ذمہ داران نے کہا کہ ہیمنت کرکرے نے مالیگاؤں کی آبرو بچائی تھی، انھوں نے مسلم نوجوانوں کی زندگی سے دہشت گردی کا داغ دھویا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی چندرکانت کھانڈوی،اور آزادنگر پولس اسٹیشن کے پی آئی اور دیگر پولیس افسران، یوسف الیاس اور عمائدین کے ہاتھوں شمع جلا کر اور شہید ہیمنت کرکرے چوک بورڈ کی گلپوشی کرکے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔