مہاراشٹرا: مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں آؤٹر حلقہ کے رکن اسمبلی و ناسک کے رابطہ وزیر دادابھسے نے سنجے راؤت کے خلاف مقامی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مقامی عدالت میں جج تیجونت سنگھ سندھو کے روبرو سماعت تھی جس میں سنجے راؤت غیرحاضر رہے۔ اس دوران سنجے راؤت کے وکیل ایڈوکیٹ ایم وائے کاڑے نے سنجے راؤت کی عدالت میں غیرحاضری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں مراٹھا ریزرویشن تحریک کو لیکر ہنگامہ جاری ہے۔ جس کے سبب عوامی نمائندوں کو آمدورفت میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مزید انہیں جانے بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ متعدد تحریک کی وجہ سے افراتفری کا ماحول ہے۔ اس لئے سجنے راؤت عدالت میں حاضر نہیں ہوسکے۔
جس پر ناسک رابطہ وزیر دادابھسے کے وکیل ایڈوکیٹ سدھیراکر نے کہا کہ سنجے راؤت کا بیان قانونی اور دیانت دارانہ نہیں ہے اس لئے ان کی غیر حاضری کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے، سنجے راؤت کو عدالت میں حاضر رہنے اور آگے کے اقدامات طے کرنے پر غور کرنے کو کہا جائے۔ ایڈوکیٹ سدھیراکر نے کہا کہ مراٹھا ریزرویشن تحریک کی سرگرمیاں گزشتہ کچھ روز پہلے تک ہی چل رہی تھی، اب سب معمول کے مطابق جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- سنجے راؤت کے قریبی سمیت دو لوگوں کو ای ڈی نے کووڈ گھوٹالہ معاملہ میں گرفتار کیا
- آئی این ایس وکرانت گھپلہ معاملے میں راؤت عرضی داخل کریں گے
انہوں نے مزید کہا کہ جج نے پچاس ہزار روپے پر مشتمل ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالت میں حاضر رہنے کے لیے کہا جبکہ اگلی سماعت 2 دسمبر کیلئے مقرر کی ہے۔ غور طلب ہو کہ سنجے راؤت کے غیرحاضری کی درخواست کو عدالت نے مسترد کردیا ہے۔