مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں گزشتہ برس کورونا وبا نے قہر برپا کیا تھا، تاہم رواں برس کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے باوجود بھی مالیگاؤں اس وبا سے محفوظ ہے۔
مالیگاؤں شہر کی عوام کو اس وبا سے محفوط رکھنے کے لیے شہر کے ڈاکٹرز نے انتہائی محنت کی اور متعدد جانیں بچائیں جس کی بنا پر مریضوں کا علاج بروقت اور کامیاب رہا، اب ان ڈاکٹروں کو بیرون شہر سے کورونا مریضوں کے علاج کے لیے مدعو کیا جارہا ہے۔
اس تعلق سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے ڈاکٹر و الحمید انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے ذمہ دار ڈاکٹر سعود سے گفتگو کی۔
ڈاکٹر سعود نے بتایا کہ گزشتہ برس اس بیماری کو سمجھنے میں مشکل پیش آرہی تھی جس کے سبب اس کا علاج کرنا مشکل ہو رہا تھا لیکن رفتہ رفتہ لوگوں نے اس وبا کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے اور ڈاکٹرز بھی بروقت علاج کرنے لگے، جس سے مالیگاؤں میں پہلے کے مقابلے انتہائی کم کیسز سامنے آرہے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر سعود نے مالیگاؤں پیٹرن پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ شہر کے ڈاکٹروں کو کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے بیرون شہر بھی مدعو کیا جانے لگا ہے جس سے بیرون شہر کے ڈاکٹرز بے خوف ہوکر کورونا مریضوں کا علاج کرنے لگے ہیں۔