شہر مالیگاؤں میں قدوائی روڈ پر اشرفی ایکویریم دکان کے مالک غلام ربانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ایکویریم میں ایک مچھلی پر اللہ لکھا ہوا ہے۔ اس کے بعد مچھلی پالنے کے شوقین افراد اس نایاب مچھلی کو خریدنے کے لیے بڑی قیمت لگا رہے ہیں۔
مچھلی کی پالن کا کام کرنے والے غلام ربانی نے چند ماہ قبل ہی اس مچھلی کو اپنے ایکویریم میں ڈالا تھا اور ان کے دعوے کے مطابق جیسے جیسے یہ مچھلی بڑی ہوئی تو اس پر اللہ لکھا ہوا نظر آنے لگا اور جب سے مچھلی ان کے ایکویریم میں آئی ہے تب سے ہی ان کی دکان میں خوشحالی اور ترقی ہونے لگی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب اس مچھلی کی لاکھوں میں بولی لگنے لگی ہے لیکن وہ اس نایاب مچھلی کو فروخت کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔
غلام ربانی نے بتایا کہ سنہ 1997 میں جب ان کے والد اس ایکویریم کو سنبھالتے تھے تب ایک مچھلی آئی تھی جس پر 'لا الہ الا اللہ' لکھا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ایکویریم میں اس مچھلی کے علاوہ دیگر کئی اقسام کی مچھلیاں ہیں۔
غلام ربانی نے کہا کہ 'اللہ' لکھی مچھلی قدرت کا ایک کرشمہ ہے۔ اس نایاب مچھلی کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں۔