نقل مکانی کرنے والے غیر ریاستی مزدوروں کی ایک بڑی تعداد لاک ڈاؤن کے سبب بے روزگار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وہ لوگ جس جگہ پر کرائے سے رہ رہے تھے ان کے مکان مالکان نے اب گھر خالی کروا لیے ہیں اور بے گھر ہو جانے کے بعد وہ اپنے وطن واپس لوٹ جانا چاہتے ہیں۔
مگر یہاں بھی قسمت ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہے اور وہ در در کی ٹھوکریں کھاتے پھر رہے ہیں، پنڈھرپور میں مقیم اترپردیش کے 40 سے زائد مزدور اپنے وطن واپسی کی غرض سے ضلع انتظامیہ سے اجازت حاصل کرنے کی خاطر پیدل ہی اورنگ آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔
لیکن جیسے ہی وہ اورنگ آباد کے بابا پیٹرول پمپ پہنچے وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے انہیں روک لیا، خیر اتفاق سے ڈی سی پی زون ون کھٹ موڑے پاٹل اور کرانتی چوک پولیس اسٹیشن کی سینئر انسپیکٹر نرملا پردیسی وہاں موجود تھی۔
پولیس محکمہ کے اعلی افسران نے ان سے اتنی بڑی تعداد میں شہر میں داخل ہونے کی وجہ پوچھی تو ان لوگوں نے سارا ماجرا سنایا جس پر متعلقہ افسران نے انہیں نقل مکانی سے متعلق اجازت حاصل کرنے کا طریقہ بتایا اور متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے کے لیے کہا ہے۔