مہاراشٹر حکومت نے کانگریس کے رہنما نانا پٹولے کے فون ٹیپنگ الزام کی تحقیقات کے لیے ڈی جی پی مہاراشٹر کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی جمعہ کو تشکیل دی گئی۔
کمیٹی کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سنجے پانڈے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی جانچ کریں اور تین ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کریں۔ جمعہ کے روز، مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے دعویٰ کیا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے نانا پاٹولے سمیت متعدد شخصیات کے فون ٹیپ کرنے کی شکایت کافی اہم ہے۔
اجیت پوار نے کہا "سیاسی رہنماؤں اور عوامی نمائندوں کی فون ٹیپنگ غلط نام دے کر کی گئی تھی۔ نانا پاٹولے کے معاملے میں بھی یہی ہوا ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ نے ایک اعلی سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔"
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی سلامتی یا عوامی تحفظ کے لیے فون ٹیپ کرنا یہ ٹھیک ہے، تاہم ذاتی فائدے یا سیاسی مقصد کے لیے سیاسی رہنماؤں اور عوامی نمائندوں کے فون ٹیپ کرنا غلط ہے۔ ڈپٹی سی ایم نے کہا "یہ قانون کے خلاف ہے اور جمہوریت میں ایسا کرنا ٹھیک نہیں ہے۔"
مزید پڑھیں:مہاراشٹر: شان رسالت میں گستاخی کے خلاف پرائیویٹ بل اسمبلی میں لانے کا منصوبہ
پاٹولے نے اس سے قبل یہ الزام لگایا تھا کہ ریاست میں بی جے پی کی زیرِ قیادت حکومت میں 2014-2019 کے درمیان متعدد سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے فون ٹیپ کیے گئے تھے۔
منگل کے روز جب ریاستی اسمبلی میں پاٹولے نے فون ٹیپنگ کا معاملہ اٹھایا تو مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے کہا کہ حکومت اس معاملے کی جانچ کرے گی۔
(اے این آئی)