انتخابات کے پیش نظر انتظامیہ نے کمر کس لی ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں ضلع کلکٹر اودے چودھری نے پریس کانفرنس لی اور انتخابات سے متعلق مختلف باتوں پر روشنی ڈالی۔
ضلع کلکٹر اودے چودھری کے مطابق اورنگ آباد ضلع میں نو اسمبلی حلقے ہیں جن میں 28 لاکھ سے زائد رائے دہندگان ہیں اور ضلع انتظامیہ نے انتخابات کی تیاری مکمل کرلی ہے نیز انتخابی تیاریوں سے لے کر نتائج کے اعلان تک تمام مراحل پرامن طریقے سے انجام دینے کے لیے 16 ہزار سرکاری ملازمین کو تعینات کیا جائے گا۔
نو اسمبلی حلقوں کے لیے 3024 پولنگ مراکز قائم کئے جائیں گے۔
اسمبلی انتخابات کا عمل 27 ستمبر سے شروع ہوگا اور 24 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کے ساتھ اختتام کو پہنچے گا، اس پورے عمل کو پرامن ماحول میں یقینی بنانے کے لیے پولیس انتظامیہ بھی پوری طرح تیار جبکہ باضابطہ طور پر فلائنگ اسکواڈ بھی بنائے گئے ہیں اور ہر قسم کی بدامنی کو روکنے کے لیے معقول انتظامات کیے گئے ہیں اس بات کی جانکاری اورنگ آباد ضلع ایس پی موکشدا پاٹل نے دی۔