ممبئی: این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی حکومت کا تختہ الٹ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور ایکناتھ شندے گروپ کی نئی حکومت بن گئی ہے لیکن یہ حکومت چھ ماہ میں گر جائے گی اس لیے مڈٹرم انتخابات کے لیے تیار رہیں۔ NCP Meeting in Mumbai
این سی پی کے صدر شرد پوار نے اپنی پارٹی کے تمام ایم ایل ایز اور لیڈروں کو ضمنی انتخابات کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ شرد پوار نے گزشتہ روز یشونت راؤ چوان سینٹر میں این سی پی لیڈروں اور ایم ایل ایز کی میٹنگ بلائی تھی۔ انہوں نے اس میٹنگ میں پارٹی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کو یہ ہدایات دی ہے کہ مڈٹرم اسمبلی الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں کیوںکہ شیوسینا سے بغاوت کرنے والے ایم ایل ایز میں جنہیں کابینہ میں جگہ نہیں ملی ہے ان میں ناراضگی پائی جارہی ہے اس لیے بھی باغی ایم ایل ایز کی گھر واپسی کا امکان ہے۔ شرد پوار نے این سی پی ارکان اسمبلی کو اپنے حلقے میں کام پر توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔