حالیہ دنوں میں اخبارات و دیگر ذرائع میں یہ بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں کمشنر کے عہدے کے لئے آئی اے ایس کیٹیگری کے آسوتوش راٹھوڑ اور بھال چندر گوساوی کے نام اس دوڑ میں سب سے آگے بتائے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھال چندر گوساوی بالاپور میونسپلٹی میں بطور چیف آفیسر تعینات رہے ہیں جہاں ان پر 112 کروڑ روپے کے ٹی ڈی آر بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا ہے اور ان پر گرفتاری اور جیل کی کارروائی بھی ہو چکی ہے، ساتھ ہی ایک معروف مراٹھی اخبار میں یہ خبر بھی شائع ہو چکی ہے۔
اس تعلق سے ہاؤس لیڈر و کارپوریٹر اسلم انصاری نے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے بدعنوان افسر کی تقرری سے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کا خسارہ ہوگا لہٰذا وزارت شہری ترقیات کے چیف سیکریٹری اس جانب خصوصی توجہ دیں اور شفاف آئی اے ایس افسر کی تقرری جلد از جلد کریں۔
کارپوریٹر اسلم انصاری نے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز مالیگاؤں شہر کے لیے تشویشناک ہیں۔ اس کے علاہ مالیگاؤں کارپوریشن کی مالی حالت پہلے سے ہی کچھ ٹھیک نہیں ہے، اس لئے ریاستی حکومت کو چاہیے کہ مالیگاؤں کمشنر کے عہدہ پر بھال چندر گوساوی کا تقرر نہ کیا جائے ورنہ مالیگاؤں کا مزید نقصان ہوگا۔