ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بارش کے سبب ہونے والی دقتوں کا جائزہ لینے کے لئے متاثر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران اُنہوں نے کہا کہ اس بار بارش کا پانی ممبئی میں جمع نہیں ہوگا، جہاں پانی جمع ہوگا اسے پمپنگ کے ذریعہ نکالا جائیگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں مانسون ابھی تک نہیں پہنچا ہے لیکن تیزی سے ممبئی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ممبئی میں اگلے 48 گھنٹوں میں مانسون شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
ممبئی، تھانے، کلیان اور بدلاپور میں کل اور آج پری مانسون بارش دیکھی گئی ہے۔ ماہر موسمیات سشما نائر کے مطابق تیز جنوب مشرقی ہوا کی وجہ سے مانسون کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے ممبئی میں آئندہ چند دنوں میں موسلادھار بارش دیکھی جا سکتی ہے۔ مانسون اب علی باغ پہنچ گیا ہے۔ اس وقت فضا میں نمی بڑھنے کی وجہ سے موسم کے انداز میں مسلسل تبدیلیاں آ رہی ہیں اور درجہ حرارت گر رہا ہے۔ جس سے عوام کو شدید گرمی سے راحت ملی ہے۔
مانسون عام طور پر 11 جون کو ممبئی سے ٹکراتا ہے، لیکن اس برس اس میں تاخیر ہوئی ہے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ مانسون میں تاخیر ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے سن 2019 میں مانسون 25 جون کو پہنچا تھا۔ اس لحاظ سے اس بار بھی مانسون کے ہونے کا امکان 25 جون کے بعد ہی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاخیر کی وجہ سے جون کے مہینے میں صرف 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ بہت کم ہے۔
حال ہی میں محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ مانسون میں تاخیر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ 2019 میں بھی مانسون تاخیر سے پہنچا لیکن بعد میں ٹھیک رہا اور اس برس جتنی بارش ہوئی وہ 23 برس میں بھی نہیں ہوئی۔ اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہونے کی امید ہے۔ ممبئی میں آج ہونے والی پہلی بارش نے مانسون سے نمٹنے کے لیے بی ایم سی کی تیاریوں کو بے نقاب کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Heavy Rain in Uttarakhand اتراکھنڈ میں شدید بارش سے لینڈ سلائیڈنگ، کئی سڑکیں بند
بارش کی وجہ سے سائن، گاندھی مارکیٹ سمیت ممبئی کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ دوسری جانب اندھیری سب وے میں پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹریفک پولیس نے ٹریفک روک دی تھی۔ ٹریفک کے رخ موڑنے کی وجہ سے لوگ ایس وی روڈ سے گزر رہے تھے۔ ساتھ ہی شام کا وقت ہونے کی وجہ سے لوگوں کو ٹریفک جام کی پریشانی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اسی دوران بی ایم سی نے دعویٰ کیا کہ گاندھی مارکیٹ میں پانی بھر گیا تھا لیکن کچھ ہی دیر میں یہاں صورتحال معمول پر آگئی۔