اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں گذشتہ کئی دنوں سے موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کسانوں کی ہزاروں ایکڑ فصل برباد ہو گئی ہے۔ برباد ہوئی فصلوں کا جائزہ لینے کے لئے ریاست کے وزیر زراعت عبدالستار خود کھیتوں میں پہنچے اور کسانوں سے ملاقات کی۔ اس دوران کسانوں نے بتایا کہ بے موسم برسات کی وجہ سے ان کی تیار فاصلوں کا نقصان ہوا ہے۔ ساتھ ہی ان کے گھروں کی چھت بھی تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑ گئی ہے۔
وزیر زراعت عبدالستار نے کسانوں کو یقین دلایا کہ جلد از جلد برباد ہوئی فصلوں کا پنچ نامہ کرکے حکومت کسانوں کو معاوضہ دیگی۔ گزشتہ چار دن سے مراٹھواڑہ کے مختلف علاقوں میں مسلسل غیر موسمی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی اثناء میں اورنگ آباد ضلع میں بھی طوفانی ہوا کے ساتھ زوردار بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔ پچھلے دو دنوں سے ضلع میں زور دار بارش ہوئی ہے۔
اسی طرح سلوڈ تعلقہ میں بھی طوفانی ہوا کے ساتھ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے کاشتکاروں کی فصلوں سمیت کچھ مقامات پر درخت گر گئے ہیں۔ جبکہ کئی مکانوں کی چھت اڑ گئی ہے۔ ریاستی وزیر زراعت عبدالستار نے سلوڑ تعلقہ میں ہوئے نقصان کا جائزہ لے کر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے فوری تلافی کی اطلاع دی۔ اس دوران ہوئے نقصان کا فوری پنچنامہ کرتے ہوئے ایک ہفتے میں حکومت کو رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت وزیر عبد الستار نے افسران کو دی ہے۔ مختلف مقامات پر بجلی کے کھمبے گر جانے سے بجلی سپلائی بند ہوگئی۔ بجلی سپلائی بحال کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے، دو دن سے بارش ہو رہی ہے اس لحاظ سے طبی عملہ کو بھی الرٹ رہنے کی تلقین عبدالستار نے کی۔ سلوڈ حلقہ انتخاب کے منگلور، ہٹی، ساسور واڑا، کھلوڑ، نلوڑ، باجھل گاؤں، گیورائی، سیمی وغیرہ علاقوں میں غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے ہوئے نقصان کا انہوں نے جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: Rains In Kashmir وادی میں مسلسل بارش کی وجہ سے کسانوں کو بھاری نقصان
نقصان کے پنچنامہ کے جاری رہتے مختلف علاقوں میں بارش ہونے لگی تھی۔ جبکہ مزید دو تین دن غیر موسمی بارش کا اندازه محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ لہذا کاشتکاروں سے محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سلوڈ تعلقہ میں ہوئے نقصان کا وزیر زراعت عبدالستار نے جائزہ لیا۔ کھیتوں پر جائزہ لینے کے لئے پہنچے وزیر زراعت کے روبرو کاشتکاروں نے فریاد پیش کی۔ طوفانی ہوا کے ساتھ ہوئی موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں جبکہ کئی مقامات پر مکان منہدم ہوئے ہیں۔ اسی طرح متعدد مکانوں کی چھت اڑ گئی ہے۔ وزیر نے سبھی مسائل کا جلد از جلد حل کئے جائے کا یقین دلایا ہے۔