اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد کا نام پوری طرح سے بدل کر چھترپتی سنبھاجی نگر کردیا گیا ہے جس کو لے کر اورنگ اباد ضلع کلکٹر استک کمار پانڈے نے ایک نوٹیفکیشن نکال کر سبھی محکمہ جات کو بھیجا ہے اور کہا ہے کہ اب اورنگ آباد شہر، ضلع اور ڈویژن کا نام چھترپتی سنبھاجی نگر کردیا گیا ہے لہذا سبھی محکمے اپنے سرکاری دستاویزات پر چھترپتی سنبھاجی نگر تحریر کرے۔ اورنگ آباد شہر میں کابینہ اجلاس کے انعقاد کے موقع پر ریاستی حکومت نے شہر ضلع سب ڈویژن اور ڈویژن کا نام تبدیل کرنے کا فرمان جاری کیا تھا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس و اجیت پاور اور دیگر ریاستی وزراء کی موجودگی میں محصول دفتر پر 16 ستمبر کو نئے نام کا بورڈ بھی لگایا گیا اور وزیر اعلیٰ شندے کے ہاتھوں اس تختی کی رونمائی بھی عمل میں آئی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اورنگ آباد شہر ضلع اور ڈویژن کا نام تبدیل کرنے کے اعلان کے حوالہ سے اورنگ آباد ضلع کلکٹر آستک کمار پانڈے نے بھی ایک حکمنامہ جاری کر کے نئے نام کا استعمال کرنے کا حکم دیا ہے۔ ضلع انتظامیہ کے جاری کردہ حکمنامے میں واضح کیا گیا کہ حکومت کے نوٹیفکیشن نمبر 2 کے مطابق اورنگ آباد کا نام بدل کر سب ڈویژن تعلقہ اور ضلع کا نام سنبھاجی نگر کر دیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن 2 میں ذکر کردہ شیڈول کے کالم ( گزٹ ) میں تبدیل شدہ نام درج کر دیا گیا ہے۔ لہذا ریاستی حکومت کے اس حکم کی تاریخ سے شہر ضلع اور ڈویژن کیلئے نئے نام کا استعمال کیا جائے ۔
مزید پڑھیں: اورنگ آباد نام تبدیلی معاملے پر ڈویژنل کمشنر آفس میں سات لاکھ فارم جمع ہوئے
ضلع انتظامیہ کے جاری کردہ حکمنامے کی نقولات ایڈیشنل چیف سیکریٹری محصول اور محکمہ جنگلات منترالیہ ممبئی کے علاوہ اورنگ آباد ڈویژنل کمشنریٹ، اورنگ آباد پولیس کمشنریٹ، ضلع پریشد چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور سبھی سرکاری محکمہ جات کو ارسال کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ پچھلے کئی سالوں سے اورنگ آباد اور سمباجی نگر کے نام کو لے کر سیاست بھی جاری تھی لیکن اب ایکناتھ شندے حکومت نے اورنگ آباد کا نام پوری طرح سے تبدیل کر کے چھتر پتی سمبھاجی نظر کر دیا ہے۔