بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کا آج ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے صبح ساڑھے سات بجے ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں آخری سانس لی۔ دلیپ کمار کے جسد خاکی کو اسپتال سے ان کی رہائش گاہ پالی ہل لے جایا جا رہا ہے جہاں پر ان کا آخری مرتبہ دیدار ہو سکے گا۔
دلیپ کمار کئی دنوں سے عمر سے متعلق صحت کے مسائل سے دو چار تھے اور انہیں متعدد بار اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ انہیں ممبئی کے پی ڈی ہندوجا اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل کیا گیا تھا۔ تجربہ کار اداکار کا علاج کرنے والے پلمونولوجسٹ ڈاکٹر جلیل پارکر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں دلیپ کمار نے 65 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ وہ دیوداس (1955)، نیا دور (1957)، مغل اعظم (1960)، گنگا جمنا (1961)، کرانتی (1981)، کرما (1986) اور دیگر فلموں میں شاندار کردار ادا کرنے کے لئے مشہور ہیں۔ انہیں آخری بار 1998 میں 'قلعہ' میں دیکھا گیا تھا۔