مہاراشٹر ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد سینئر کابینی وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ریاستی سربراہ جینت پاٹل نے میڈیا کو بتایا کہ لکھیم پور کھیری تشدد پر مرکزی حکومت کے خلاف اپنا احتجاج درج کروانے کی غرض سے کابینہ نے 11 اکتوبر کو مہاراشٹر بند کا فیصلہ کیا ہے۔
جینت پاٹل نے کہا کہ لکھیم پور تشدد واقعہ انہیں 'جلیان والا باغ قتل عام' کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی روشنی میں وہ اس 'بند' کو منا رہے ہیں۔ تاہم جینت پاٹل نے واضح کیا کہ بند کے دوران صرف ضروری خدمات ہی جاری رہیں گی۔
اس سے قبل کابینہ کی میٹنگ میں مہاراشٹر کے ریاستی کابینہ کے وزیر نے ایک قرارداد منظور کی جس میں اتر پردیش میں لکھیم پور کھیری واقعہ میں کسانوں کی موت پر اظہار تعزیت کیا گیا۔ کابینہ کے وزراء نے بھی دو منٹ کی خاموشی اختیار کی اور مرنے والے کسانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
جینت پاٹل نے واضح کیا کہ مہاوکاس اگھاڑی کی تینوں پارٹیاں (این سی پی، کانگریس اور شیو سینا) اس بند میں شریک ہوں گی۔
واضح رہے کہ اترپردیش کے لکھیم پور کھیری میں 3 اکتوبر کو ہونے والے تشدد میں چار کسانوں سمیت کل آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔